محکمہ عمارات و شوارع نے قیمتی 32.16 ایکڑ اراضی نمس کے حوالے کردی ، وزیر صحت ہریش راؤ کی کامیابی مساعی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : نظام انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس ( نمس ) کی ایک اور نئی عمارت ارم منزل کالونی میں تعمیر کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ جہاں مزید 2000 بیڈس کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ محکمہ عمارت و شوارع نے ارم منزل کالونی میں 32.16 ایکڑ اراضی نمس کو منتقل کرتے ہوئے احکامات جاری کردئیے ۔ نمس ہاسپٹل کی تلنگانہ میں اپنی ایک علحدہ پہچان ہے ۔ جہاں 1480 بستروں کی سہولت ہے ۔ تاہم اس ہاسپٹل سے یومیہ 2000 تا 3000 مریض او پی خدمات سے استفادہ کررہے ہیں اور تقریبا 1500 سے زائد مریض آئی پی خدمات سے استفادہ کررہے ہیں ۔ ڈسچارج سے زیادہ اڈمیٹ ہونے والوں کی تعداد زیادہ ہے ۔ نمس میں بیڈس کا حصول مشکل ہوگیا ہے ۔ جس سے مریض کئی دشواریوں میں مبتلا ہورہے ہیں ۔ جب ان مسائل کو چیف منسٹر کے سی آر سے رجوع کیا گیا تو انہوں نے مزید 2000 بیڈس پر مشتمل نئی عمارت تعمیر کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ محکمہ عمارت و شوارع نے 3,200 کروڑ روپئے مالیت کی قیمتی 31.16 ایکڑ اراضی یکم اگست کو نمس کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کردئیے اور نمس کے عہدیداروں نے اس کو اپنی تحویل میں بھی لے لیا ۔ جس کے بعد نمس ہاسپٹل کی نئی عمارت تعمیر کرنے کے لیے راہ ہموار ہوگئی ۔ ارم منزل کالونی میں موجود عمارتوں کو منہدم کرتے ہوئے نئی عمارت تعمیر کرنے کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ 2 ہزار بیڈس پر مشتمل نمس ہاسپٹل کے ساتھ اس کے متصل سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کے علاوہ 200 بیڈس پر مشتمل مادر اینڈ چائلڈ سنٹر تعمیر کرنے کی عہدیداروں کی جانب سے منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ نئی عمارت دستیاب ہوجانے پر نمس ہاسپٹل میں بیڈس کی گنجائش 3480 بیڈس ہوجائے گی جس سے مستقبل میں نمس ہاسپٹل میں بیڈس کی قلت کا مسئلہ حل ہوجائے گا ۔ نئی عمارت کی تعمیر کے پیشرفت میں ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے اہم رول ادا کیا ہے ۔۔ ن