ارونا چل پردیش میں ’ ویکسین ویزا ‘ پر عمل

   

Ferty9 Clinic

پروگرام پر عمل آوری میں ملک کی پہلی ریاست کا اعزاز ، دنیا بھر میں ویکسین پاسپورٹس متعارف کرنے پر غور و خوص
حیدرآباد۔9جولائی (سیاست نیوز) دنیا بھر میں ویکسین پاسپورٹ روشناس کروایا جائے گا یا نہیں یہ مسئلہ ابھی زیر بحث ہے اور کئی ممالک ویکسین پاسپورٹ کے حق میں ہیں لیکن اس پر عمل آوری کے سلسلہ میں اب تک کوئی اقدامات نہیں کئے گئے لیکن اس کے برعکس ہندستان میں اروناچل پردیش ملک کی پہلی ریاست ہوگی جو کہ ’’ویکسین ویزا‘‘ پر عمل آوری کرے گی یعنی اروناچل پردیش ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ریاست میں صرف ان لوگوں کو داخلہ کی اجازت دی جائے گی جو کہ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے ٹیکہ اندازی کرواچکے ہیں۔دنیا بھر کے کئی ممالک میں بینک‘ سوپر مارکٹ ‘ تجارتی اداروں کے علاوہ دیگر مقامات پر داخلہ کیلئے ٹیکہ اندازی کی سند پیش کرنی لازمی ہے اور یہ کہا جا رہا تھا کہ ہندستان میں 60 فیصد سے زیادہ شہریوں کو ٹیکہ اندازی مکمل کئے جانے کے بعد اس طرح کے سخت فیصلہ کئے جانے کے امکانات ظاہر کئے جا رہے تھے لیکن حکومت اروناچل پردیش نے ریاست کی سرحدوں میں داخل ہونے والوں کے لئے ٹیکہ اندازی کا لزوم عائد کئے جانے کے فیصلہ سے مرکزی وزارت صحت کو واقف کرواتے ہوئے کہا کہ اروناچل پردیش میں کوروناوائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے ریاستی حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ جن لوگوں نے ٹیکہ حاصل نہیں کیا ہے ان لوگوں کو ریاست میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے اس فیصلہ کے سلسلہ میں چیف سیکریٹری مسٹر نریش کمار نے مرکزی محکمہ صحت کے عہدیداروں کو اس بات سے واقف کروایا ۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت اروناچل پردیش نے فضائیہ ‘ سڑک اور ریل کے راستہ سے اروناچل پردیش میں داخل ہونے والے تمام افراد سے ٹیکہ اندازی کے ثبوت کی جانچ کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جارہاہے کہ ریاستی حکومت کے اس فیصلہ کے ساتھ ریاست میں کورونا وائرس کے معائنوں کے علاوہ قرنطینہ کی سختیوں میں اضافہ کے علاوہ ٹیکہ اندازی کی مہم میں بھی شدت پیدا کرنے کے اقدامات کئے جا نے لگے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت اروناچل پردیش کے اس فیصلہ کے سلسلہ میں مرکزی حکومت کی جانب سے اب تک کوئی توثیق نہیں کی گئی ہے لیکن کہا جا رہا ہے کہ ریاستی حکومت کے فیصلہ کو کوئی چیالنج نہیں کیا جاسکے گا کیونکہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کا مقصد ریاست کے شہریوں کے تحفظ کے علاوہ وباء کو پھیلنے سے روکنے کے اقدامات کو مؤثر بنانے کی کوشش ہے جس میں مرکزی حکومت کی جانب سے ممکنہ تعاون کیا جائے گا۔