مرکزی حکومت کے آرڈیننس کے خلاف تائید حاصل کرنے کی کوشش
حیدرآباد۔26۔مئی (سیاست نیوز) نئی دہلی میں عہدیداروں کے تبادلے کے اختیارات لیفٹننٹ گورنر کو تفویض کرتے ہوئے مرکز کی جانب سے جاری کردہ آرڈیننس کے خلاف اپوزیشن کی تائید حاصل کرنے میں مصروف چیف منسٹر نئی دہلی اروند کجریوال کل 27 مئی کو حیدرآباد پہنچیں گے ۔ مرکزی حکومت کے آرڈیننس کے خلاف وہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کریں گے۔ اروند کجریوال نے ٹوئیٹر پر اپنے دورہ حیدرآباد کی اطلاع دی ہے۔ وہ مرکزی حکومت کے آرڈیننس کے خلاف مہاراشٹرا اور بہار کے قائدین سے ملاقات کرچکے ہیں۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے 19 مئی کو خصوصی آرڈیننس جاری کرتے ہوئے دہلی کے حدود میں گروپ 1 عہدیداروں کے تبادلے اور تقررات کا اختیار لیفٹننٹ گورنر کو دیا ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے عہدیداروں کے تبادلوں کا اختیار ریاستی حکومت کو دینے سے متعلق احکامات کے باوجود مرکز نے آرڈیننس جاری کیا۔ آرڈیننس کے تحت چیف منسٹر کی صدارت میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اروند کجریوال عہدیداروں کے تبادلوں کے اختیارات سے محروم کرنے کیلئے اپوزیشن کی تائید حاصل کر رہے ہیں۔ وہ چیف منسٹر بہار نتیش کمار ، ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی یادو ، این سی پی کے سربراہ شرد پوار ، شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے اور چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی سے ملاقات کرچکے ہیں۔ قوم سطح پر تیسرے متبادل کی تشکیل کے سلسلہ میں کے سی آر اور اروند کجریوال کی حالیہ عرصہ میں ملاقات ہوئی ہے۔ر