اروند کجریوال کی الیکشن کے بعد امیت شاہ سے پہلی ملاقات

,

   

نئی دہلی ۔ 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے دہلی اسمبلی انتخابات کے بعد پہلی مرتبہ وزیرداخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران شہریت ترمیمی قانون سی اے اے کے خلاف شاہین باغ میں جاری احتجاجی مظاہرہ کے بارے میں کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ دہلی کی چیف منسٹر کی حیثیت انہوں نے تیسری مرتبہ عہدہ سنبھالا ہے۔ ریاستی کابینہ کے اجلاس کے بعد اروند کجریوال نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ امیت شاہ کے ساتھ ملاقات اچھی تھی۔ خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی۔ مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں نے اس بات پر رضامندی ظاہر کی کہ دہلی کی تعمیر و ترقی کیلئے مرکز اور ریاستی حکومت کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے اور ہم ساتھ مل کر کام کریں گے۔