مرکزی حکومت کے آرڈیننس و مابعد کرناٹک نتائج صورتحال پر غور
حیدرآباد۔27۔مئی ۔ ( سیاست نیوز) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال‘ چیف منسٹر پنجاب بھگوت مان سنگھ ‘ دہلی کی وزیر تعلیم دہلی آتشی مارلینا اوردیگر عام آدمی پارٹی قائدین خصوصی طیارے سے حیدرآباد پہنچے اور پرگتی بھون میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے طویل ملاقات کے دوران ملک کے سیاسی حالات اور دہلی حکومت پر کنٹرول حاصل کرنے مرکزی حکومت سے جاری آرڈیننس پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے مرکزی حکومت کے آرڈیننس کے خلاف شروع کی گئی جنگ میں کے سی آر کی تائید پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ وہ دہلی کے عوام کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کیونکہ یہ ان کا یا ان کی پارٹی کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ دہلی کے عوام کے جمہوری حقوق اور ان کی رائے کے احترام کے علاوہ ملک بھر میں دستور اور جمہویت کی بقاء کا مسئلہ ہے۔تین ریاستوں کے چیف منسٹران کی اس ملاقات کے دوران تلنگانہ کے وزراء‘ ارکان پارلیمان اور عام آدمی پارٹی قائدین مسٹر راگھو چڈھااور ارکان پارلیمان موجود تھے۔ پرگتی بھون میں اس ملاقات کے دوران مسٹر کجریوال‘ کے سی آر اور بھگوت مان سنگھ نے کرناٹک انتخابات کے بعد پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ملک کے سیاسی حالات بالخصوص قبل از وقت عام انتخابات پر بھی بات چیت کی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ملاقات میں چیف منسٹر دہلی نے آرڈیننس کی اجرائی سے قبل کے تمام حالات سے چیف منسٹر تلنگانہ کو واقف کرواتے ہوئے کہا کہ مرکز ایک سماجی جدوجہد کے ذریعہ اقتدار پانے والی حکومت کو لیفٹنٹ جنرل کے ذریعہ کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہو ںنے ملک کی مختلف ریاستوں بالخصوص شمالی ہند کی ریاستوں میں بی جے پی کی صورتحال کے متعلق تفصیلات سے واقف کروایا ۔اس دوران دونوں ریاستوں میں جاری دفلاحی و تعلیمی اسکیمات کے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔