عدالت نے سابقہ حکم التواء واپس لے لیا، تحقیقات کی پیشرفت پر پولیس سے رپورٹ طلبی
حیدرآباد۔/8 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ٹی آر ایس ارکان اسمبلی خریدی معاملہ میں آج ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے پولیس تحقیقات کی اجازت دے دی ہے۔ عدالت نے پولیس تحقیقات پر جاری کردہ حکم التواء کو واپس لے لیا۔ عدالت نے کہا کہ اس معاملہ میں معین آباد پولیس تحقیقات کرسکتی ہے۔ ارکان اسمبلی خریدی اسکام میں بی جے پی قائد پرمیندر ریڈی نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس پر معین آباد میں پیش آئے اس معاملہ میں ہائی کورٹ کی سنگل بنچ نے پولیس تحقیقات پر حکم التواء جاری کردیا تھا۔ پرمیندر ریڈی نے اپنی درخواست میں اس معاملہ کی جانچ سی بی آئی یا خصوصی تحقیقاتی ایجنسی کے ذریعہ کرانے کی اپیل کی۔ عدالت نے آج اس معاملہ کی سماعت ہوئی اور عدالت نے پولیس تحقیقات پر حکم التواء کو منسوخ کرتے ہوئے تحقیقات کی راہ ہموار کردی ہے۔ عدالت نے کہا کہ اس طرح کے معاملات میں تحقیقات کو طویل عرصہ تک روکنا مناسب نہیں ہے۔ عدالت کے احکامات کے بعد معین آباد پولیس کو اس معاملہ کی تیزی سے جانچ کرنے کی راہ ہموار ہوچکی ہے۔ عدالت نے کہا کہ اس معاملہ کی سی بی آئی یا خصوصی تحقیقاتی ایجنسی سے جانچ کے بارے میں بی جے پی لیڈر نے جو پٹیشن دائر کی ہے اس کا تفصیلی جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ عدالت نے پولیس کو تحقیقات کی پیش رفت پر حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی اور آئندہ سماعت 18 نومبر کو ہوگی۔ عدالت کی جانب سے تحقیقات پر حکم التواء کی برخواستگی کے بعد پولیس تینوں ملزمین کی پولیس تحویل کیلئے درخواست داخل کرسکتی ہے۔ر