ارکان اسمبلی خریدی معاملہ کے ملزم کی غیر قانونی عمارت منہدم

   

جی ایچ ایم سی کی کارروائی، ملزم کے مکان اور ہوٹلوں پر دھاوے
حیدرآباد۔/13 نومبر، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے ٹی آر ایس ارکان اسمبلی معاملہ میں الزامات کا سامنا کرنے والے حیدرآباد کے ملزم نند کمار کی ہوٹل کو غیر قانونی تعمیر پر منہدم کردیا ہے۔ فلم نگر میں واقع دکن ہوٹل کے قریب کمرشیل عمارت کو بلدیہ کے حکام نے منہدم کردیا۔ نند کمار نے اس اراضی کو لیز پر حاصل کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر تعمیر کی تھی۔ جی ایچ ایم سی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ غیرقانونی تعمیرات کے تحت بعض عمارتوں کو منہدم کیا گیا ہے۔ ٹاون پلاننگ کے عہدیداروں نے یہ کارروائی کی۔ بتایا جاتا ہے کہ نند کمار نے فلم ڈائرکٹر ڈی سریش بابو کی اراضی کو لیز پر حاصل کیا اور بغیر کسی اجازت کے دکن کچن نامی ہوٹل کے حدود میں دو غیر قانونی تعمیرات انجام دی۔ عہدیداروں نے بارہا نوٹس جاری کی لیکن تعمیری کام جاری رہنے پر آج اتوار کو انہدامی کارروائی انجام دی گئی۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس کی سخت نگرانی میں یہ کارروائی کی گئی۔ واضح رہے کہ ارکان اسمبلی خریدی معاملہ کی جانچ کیلئے حکومت نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے اور اس ٹیم نے فلم نگر اور جوبلی ہلز میں ہوٹل اور دیگر مقامات پر دھاوے کئے تھے۔ خصوصی تحقیقاتی ٹیم کو شبہ ہے کہ تین ایجنٹس اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ حیدرآباد میں قیام کے دوران ہوٹل میں ملاقات کرتے رہے ہیں جس کے نتیجہ میں ہفتہ کے دن ان ہوٹلوں پر دھاوے کئے گئے۔ بی جے پی کے مبینہ ایجنٹس نے ٹی آر ایس کے 4 ارکان اسمبلی کو انحراف کیلئے بھاری رقم کا لالچ دیا تھا۔ پولیس نے چیتنیہ پوری اور دیگر مقامات پر نند کمار کی رہائش گاہ پر دھاوے کئے۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے نند کمار عرف نندو کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ معین آباد میں واقع فارم ہاوز میں ارکان اسمبلی سے ملاقات کی گئی تھی۔ر