ارکان اسمبلی راجندر ۔ راجہ سنگھ مکانات میں محروس

   

بی جے پی قائدین کو پولیس نے جنگاؤں دورہ کی اجازت نہیں دی
حیدرآباد۔10 فروری (سیاست نیوز) پولیس نے بی جے پی ارکان اسمبلی ایٹالہ راجندر اور راجہ سنگھ کو مکانات پر محروس کرکے جنگاؤں دورہ کی اجازت نہیں دی۔ جنگاؤں میں کل ٹی آر ایس اور بی جے پی کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں بی جے پی کے زخمی کارکنوں کی عیادت کے لئے راجندر اور راجہ سنگھ جانا چاہتے تھے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے دونوں قائدین کی قیامگاہوں پر ناکہ بندی کرکے نکلنے کی اجازت نہیں دی۔ راجندر نے پولیس کے رویہ پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ تلنگانہ میں صرف ٹی آر ایس کو دھرنے کی اجازت ہے جبکہ بی جے پی کو کسی بھی پروگرام کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی موجودگی میں جنگاؤں میں بی جے پی کارکنوں پر حملہ کیا گیا ۔ حملہ میں ملوث ٹی آر ایس قائدین کی آج تک گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں تمام کیلئے یکساں اصول ہونے چاہئے ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے لئے علحدہ اصول نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو غیر جانبداری کے ساتھ کام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ بی جے پی کی تائید کے بغیر تلنگانہ کی تشکیل عمل میں کیسے آئی ؟ بی جے پی نے ابتداء ہی سے تلنگانہ تحریک کی تائید کی تھی۔ راجندر نے کہا کہ وہ جنگاؤں پہنچ کر زخمی بی جے پی قائدین سے ملاقات کریں گے ۔