حیدرآباد۔/18 نومبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی تحقیقات کرنے والی ایس آئی ٹی نے کیرالا کے ڈاکٹر جگو سوامی اور بی ڈی جے ایس صدر تشار ویلاپلی کو پوچھ تاچھ کیلئے نوٹس جاری کی ۔ جگو کوٹیلل عرف جگو سوامی امریتا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس میں ملازم ہے جبکہ تشار ویلاپلی بھارت دھرما جنا سینا کا صدر ہے۔ ایس آئی ٹی نے انہیں 21 نومبر کو سٹی کمانڈ کنٹرول سنٹر میں حاضر ہونے سی آر پی سی کی دفعہ 41A کے تحت نوٹس جاری کی ۔ نلگنڈہ سپرنٹنڈنٹ پولیس شریمتی رما راجیشوری جو ایس آئی ٹی رکن ہیں نے کیرالا کے ڈاکٹر کو نوٹس جاری کی جبکہ تشار ویلاپلی مکان میں موجود نہیں تھے۔ ایس آئی ٹی نے ان کے مقررہ مقامات پر موجود نہ ہونے پر نوٹس مکانات پر چسپاں کردی ۔ ایس آئی ٹی نے کریم نگر کے وکیل بی سرینواس کو بھی نوٹس جاری کی ہے۔ واضح رہے کہ 26 اکٹوبر کو معین آباد پولیس نے ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش میں راما چندرا بھارتی عرف ستیش شرما، سمہیاجی، نند کمار کو گرفتار کیا تھا ۔