ارکان اسمبلی کیلئے ہر سال اپنے اثاثہ جات کا اعلان کرنے کی تجویز

   

ہماچل پردیش اسمبلی میں 11ارکان کا مطالبہ ،اسپیکر کا درخواست پر غور کرنے کا اعلان
شملہ ۔ 29اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے رکن اسمبلی سکھویندر سنگھ سوکھو نے یہ تجویز پیش کی ہے کہ ارکان اسمبلی کے لئے ہر سال اپنے اثاثہ جات کے اعلان کو ضروری قرار دیا جانا چاہیئے ۔ اس سے سیاست میں شفافیت پیدا ہوگی ۔ سوکھو اور دیگر 10ارکان اسمبلی نے اسپیکر راجیو بیندلی سے کہا کہ وہ اسمبلی کے آ:ندہ اجلاس میں اس سلسلہ میں قانون سازی کیلئے ایوان میں تحریک پیش کرنے کی اجازت دیں ۔ مذکورہ ارکان اسمبلی نے یہ درخواست اس وقت کی جب انہیں اسمبلی کے جاریہ مانسون اجلاس میں خانگی طور پر اس تحریک کو پیش کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ سوکھو ریاست ہماچل پردیش کو کانگریس کے سابق صدر ہیں ۔ ان کا خیال تھا کہ اس قانون سازی کی سخت ضرورت ہے کیونکہ منتخبہ ارکان اسمبلی کے اثاثہ جات کے تعلق سے اکثر سوال اٹھایا کرتے ہیں ۔ سو کھو کی درخواست پر ایوان کے اسپیکر نے کہا کہ سوکھو کی درخواست کو ایوان کی اخلاق کمیٹی کے روبرو پیش کیا جائے گا اور آئندہ اجلاس میں تحریک پیش کرنے کی درخواست پر غور و خوص ہوگا ۔ ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جئے رام ٹھاکر نے بھی کہا کہ سوکھو کی درخواست پر کھلے ذہن کے ساتھ غور کیا جائے گا ۔