ارکان اسمبلی کی خریدی کا معاملہ تحقیقات سی بی آئی کو منتقل کرنے سے ہائیکورٹ کا انکار

   

حیدرآباد۔/15 نومبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش میں معین آباد پولیس اسٹیشن میں درج مقدمہ کو سی بی آئی کے حوالے کرنے سے تلنگانہ ہائی کورٹ نے انکار کردیا جبکہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے۔ چیف جسٹس اجل بھویان نے بی جے پی کی رٹ درخواست جس میں معین آباد مقدمہ کو سی بی آئی کے حوالے کرنے کی درخواست کی گئی تھی کی سماعت کی۔ اس دوران حکومت سے بحث کرنے والے سپریم کورٹ کے سینئر وکیل دوشینت داوے نے کیس سے متعلق ویڈیوز اور دیگر مواد حکومت سے عام کرنے پر معذرت خواہی کی اور اسے دوبارہ نہ دہرانے کا تیقن دیا۔ سماعت کے بعد چیف جسٹس نے ایس آئی ٹی کی تحقیقات کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کرتے ہوئے کہا کہ مقدمہ کی تحقیقات پولیس کمشنر حیدرآباد سی وی آنند کی نگرانی میں جاری رکھی جائے اور کیس کی تحقیقات ایک رکنی بنچ کی زیر نگرانی کروائی جائے اور ایس آئی ٹی کیس کی تحقیقات کی پیشرفت کو ایک مہربند لفافہ میں 29 نومبر کو عدالت میں داخل کرے اور تحقیقات کی مزید تفصیلات عدالت کو وقتاً فوقتاً پیش کریں۔ عدالت نے کہا کہ ایس آئی ٹی اس کیس کی تحقیقات کی تفصیلات میڈیا کو نہ بتائے اور پولیس کمشنر حیدرآباد جو تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ہیں کو احکام جاری کئے کہ وہ کیس سے متعلق حساس معلومات کو افشاء ہونے سے روکیں ۔ اس قسم کی رٹ درخواست کو ایک رکنی بنچ کی سماعت کیلئے 29 نومبر تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ب