ارکان پارلیمنٹ منفی سوچ ترک کریںمثبت سوچ سے کام کریں

   

جن لوگوں نے پارٹی کو ووٹ نہیں دیا ان کی تائید حاصل کرنے پر توجہ دی جائے : مودی
نئی دہلی 4 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ سے آج کہا کہ وہ منفی سوچ کو ترک کردیں اور اس مثبت سوچ کے ساتھ کام کریں کہ انہیں ان افراد کی تائید بھی حاصل کرنی ہے جنہوں نے پارٹی کے حق میں ووٹ نہیں دیا تھا ۔ انہوں نے پارٹی کے زائد از 380 ارکان مقننہ کے دو روزہ تربیتی اجلاس کے اختتامی سشن سے خطاب کرتے ہوئے آئندہ لوک سبھا الیکشن کا بھی تذکرہ کیا جو 2024 میں ہونے والے ہیں۔ انہوں نے ان قائدین اور ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ اپنے حلقوں کو اس انداز سے تیار کریں کہ وہ ان حلقوں کو اپنے کام اور اخلاق کی بنیاد پر دوبارہ جیت سکیں۔ انہوں نے خود اپنے کلین ریکارڈ کا حوالہ دیا اور ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ اپنے شخصی اور پیشہ ورانہ کردار کو بلند رکھیں۔ جن ارکان پارلیمنٹ نے اس اجلاس میں شرکت کی انہوں نے یہ بات بتائی ۔ مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور پرہلاد جوشی نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ اپنے مخالفین کے تعلق سے اور جن افراد نے انہیں ووٹ نہیں دیا ہے ان کے تعلق سے منفی سوچ نہ رکھیں۔ انہوں نے مودی کا یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا کہ آپ کو ہر ایک کی بہتری اور فلاح کیلئے کام کرنا چاہئے ۔ آپ کو مثبت سوچ رکھنا چاہئے اور منفی خیالات کو ترک کرنا چاہئے ۔ ان افراد کی تائید بھی حاصل کرنے کی کوشش کی جانی چاہئے جنہوں نے پارٹی کے حق میں ووٹ نہیں دیا تھا ۔ وزیر اعظم نے ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ موافق عوام پالیسیوں میں خود عوام کی شراکت داری کو یقینی بنائیں۔ ایک بی جے پی ایم پی نے کہا کہ مودی نے ایک سرپرست کی طرح خطاب کیا اور انہوں نے سیاسی ‘ نظریاتی اور شخصی پہلووں کا بھی اپنے خطاب میں تذکرہ کیا ہے ۔ آئندہ لوک سبھا انتخابات پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے انہوں نے ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ ان بوتھس کی نشاندہی کی جائے جہاں ان کو کم ووٹ ملے ہیں۔ ان حلقوں میں زیادہ توجہ کے ساتھ کام کیا جائے ۔ان افراد کی تائید حاصل کرنے اقدامات کئے جائیں جنہوں نے پارٹی کے حق میں ووٹ نہیں دیا ہے ۔منفی سوچ ترک کرتے ہوئے مثبت سوچ کے ساتھ کام کرنا چاہئے ۔