نئی دہلی: سی آئی ایس ایف نے دو ازبکستانی شہریوں کو مبینہ طور پر تقریبا 86 لاکھ روپے مالیت کے ایک لاکھ امریکی ڈالر غیر قانونی طریقے سے لے جانے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ ایک سینئر عہدیدار نے جمعہ کو یہ معلومات دی۔دو مسافروں عماتوف شیر زود اور سیفلیو سردور کو اندرا گاندھی انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر ایئر عربیہ کی پرواز سے شارجہ جانے سے قبل روکا گیا۔سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس کے ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ دونوں مسافروں کے بیگ میں 86 لاکھ روپے مالیت کے 114600 امریکی ڈالر چھپائے گئے تھے، چونکہ وہ اتنی بڑی مقدار میں زرمبادلہ لے جانے کے لیے کوئی درست دستاویز پیش نہیں کر سکے، اس لیے انہیں پکڑ کر کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا۔