چینائی 13 نومبر (آئی اے این ایس) تمل ناڈو حکومت نے ریاستی ملازمین، اساتذہ، پنشنرز اور فیملی پنشنرز کے لیے مہنگائی الاؤنس (ڈی اے) میں تین فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے۔ چیف منسٹر ایم کے اسٹالن نے جمعرات کو بتایا کہ ڈی اے کو موجودہ 55 فیصد سے بڑھا کر 58 فیصد کر دیا گیا ہے، جو یکم جولائی 2024 سے نافذ ہوگا۔ یہ اضافہ مرکزی حکومت کی تازہ ترمیم کے مطابق کیا گیا ہے۔ سرکاری بیان کے مطابق اس فیصلے سے تقریباً 16 لاکھ سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو فائدہ پہنچے گا۔ اضافی اخراجات کا بوجھ 1829کروڑ روپے سالانہ ریاستی خزانے پر آئے گا۔ حکومت نے کہا کہ ریاستی ملازمین اور اساتذہ فلاحی اسکیموں کے نفاذ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اور ان کی خدمات کے اعتراف میں ڈی اے میں اضافہ کیا گیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ حکومت اپنے ملازمین اور ریٹائرڈ اہلکاروں کی فلاح کے لیے پرعزم ہے، اور اس اضافے سے ان کے مالی بوجھ میں کمی آئے گی۔نیا الاؤنس جولائی سے نافذ العمل تنخواہوں اور پنشن میں شامل کیا جائے گا۔