باغی ارکان اسمبلی کی ممبئی سے بنگلورو آمد، اسپیکر کو دوبارہ استعفے پیش کئے ، رمیش کمار کو فیصلہ کرنے سپریم کورٹ کی ہدایت
بنگلورو ؍ نئی دہلی ۔ 11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر رمیش کمار نے کہا کہ ایم ایل ایز جو آج ان سے ملاقات کئے، انہوں نے اپنے استعفے اب درست فارمٹ میں دیئے ہیں اور انہیں جائزہ لینا ہوگا کہ آیا وہ رضاکارانہ اور واجبی ہیں یا نہیں۔ اسپیکر نے بتایا کہ ارکان اسمبلی ان کے پاس آئے، انہوں نے کہا کہ وہ مستعفی ہونا چاہتے ہیں۔ میں نے کہا کہ وہ استعفیٰ دے سکتے ہیں اور انہوں نے کہا کہ اسے قبول کرلیں۔ رمیش کمار نے باغی لیجسلیٹرس سے ملاقات کے بعد میڈیا والوں کو یہ بھی بتایا کہ مجھے دیکھنا پڑے گا کہ یہ واجبی یا رضاکارانہ ہیں یا نہیں اور پوری طرح اطمینان کرنا پڑے گا۔ انہوں نے قواعد کی تعمیل کرنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں منصفانہ فیصلہ کرنا پڑے گا جو کسی کیلئے راحت کی بات ہوگی اور کسی کو ناپسند آئے گا۔ دریں اثناء کرناٹک کے 10 ارکان اسمبلی ممبئی میں قیام کے بعد دو خصوصی فلائٹس کے ذریعہ بنگلورو واپس ہوگئے جس سے چند گھنٹے قبل سپریم کورٹ نے انہیں اسمبلی اسپیکر سے ملاقات کرنے اور استعفے کے اپنے فیصلے سے واقف کرانے کی اجازت دے دی۔ ایم ایل ایز ایچ اے ایل ایرپورٹ سے لکژری بس میں سوار ہوئے اور ودھان سودھا (ریاستی سکریٹریٹ) کی طرف بڑھ گئے۔ مستعفی ہونے والے 16 ایم ایل ایز میں سے 11 اپنے استعفے ازسرنو پیش کرنے کیلئے اسپیکر رمیش کمار کے دفتر پہنچے۔ قبل ازیں فاضل عدالت نے اسپیکر سے کہا کہ 10 باغی کانگریس ۔ جے ڈی ایس مخلوط کے ارکان اسمبلی کے استعفیٰ کے تعلق سے فوری فیصلہ کریں اور ساتھ ہی انہیں اسپیکر سے ملاقات کی اجازت بھی دی۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی بنچ نے کہا کہ اسپیکر کے فیصلہ سے جمعہ کو مطلع کرنا ہوگا جب عدالت اس معاملہ پر دوبارہ غور کرے گی۔