اسد اویسی کی کار پر فائرنگ ، کوئی بھی زخمی نہیں ہوا

,

   

میرٹھ سے دہلی واپسی کے دوران ہاپور میں واقعہ پیش آیا، دو شوٹرز چند گھنٹوں میں گرفتار

نئی دہلی : اے آئی ایم آئی ایم لیڈر اسد الدین اویسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی کار پر 3 یا 4 فائر کئے گئے جبکہ وہ اترپردیش کے شہر میرٹھ میں انتخابی مہم چلانے کے بعد جمعرات کو دہلی کو واپس ہورہے تھے ۔ اس واقعہ میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا لیکن کار کے ٹائر پنکچر ہوگئے اور کار کے دروازوں پر گولیوں سے سوراخ بن گئے ۔ اویسی نے ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ الحمد اللہ ۔ ہم سب محفوظ ہیں ۔ یہ واقعہ دہلی کے قریب مغربی اترپردیش کے ہاپور میں ایک ٹول پلازہ میں پیش آیا ۔ حیدرآباد ایم پی نے کہا کہ شوٹرس فائرنگ کے بعد اپنے ہتھیار چھوڑ کر فرار ہوگئے ۔ تاہم یو پی پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کا مشاہدہ کرکے تیزی سے کارروائی کی اوردونوں شوٹرز سچن ساکن بدلہ پور اور شوبھم کو گرفتار کرلیا ۔ اویسی نے کہا کہ وہ میرٹھ میں کتھور میں انتخابی ایونٹ کے بعد دہلی کیلئے روانہ ہورہے تھے ۔ چھاجرسی ٹول پلازہ کے قریب 2 افراد نے میری گاڑی پر 3 یا 4 راؤنڈ فائر کئے ۔ وہاں زیادہ سے زیادہ تین چار افراد ہی تھے ۔ میری گاڑی کے ٹائر پنکچر ہوگئے ۔ میں دیگر گاڑی سے اپنی منزل کی طرف روانہ ہوگیا ۔ اترپردیش پولیس کے عہدیدار جائے واقعہ پر پہنچ گئے جہاں فائرنگ کی گئی ۔ پولیس اور دیگر حکام نے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ مغربی اترپردیش میں ریاست کے 7 مراحل والے الیکشن میں رائے دہی کا پہلا دن /10 فبروری کو رہے گا ۔