اسرائیلی حراست میں غزہ کے مزید پانچ شہری شہید

   

غزہ : فلسطینی اتھارٹی کی وزارت برائے اسیران اور فلسطینی قیدیوں کے کلب نے پیر کو اعلان کیا کہ انہیں اسرائیلی حراست میں غزہ کے پانچ شہریوں کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئیں۔قیدی کلب کی ترجمان امانی سرہنا نے اے ایف پی کو تصدیق کی کہ پانچ میں سے دو اتوار کو جبکہ باقی تین اس سے پہلے چل بسے۔کلب نے کہا کہ پانچ قیدیوں کو اسرائیل-حماس جنگ کے دوران گرفتار کیا گیا اور ان میں سے بعض غزہ پٹی کے شمال سے جنوب کی طرف فرار ہوتے ہوئے گرفتار ہوئے تھے۔دونوں تنظیموں کے مطابق غزہ میں جنگ شروع ہونے سے اب تک اسرائیلی جیلوں میں 54 فلسطینی اسیران کی موت واقع ہو چکی ہے۔فوت شدہ قیدیوں میں سے 35 کا تعلق غزہ پٹی سے اور باقی کا مقبوضہ مغربی کنارے سے ہے۔وزارتِ اسیران فلسطینی اتھارٹی کی ایک شاخ ہے جو اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں اور ان کے اہلِ خانہ کی بہبود کے ذمہ دار ہے۔دونوں تنظیموں نے فوت شدہ چار قیدیوں کے نام 44 سالہ محمد راشد اوکا، 52 سالہ سمیر محمود الکحلوت، 58 سالہ زہیر عمر الشریف اور 57 سالہ محمد انور لباد بتائے ہیں۔فلسطینی قیدیوں کے کلب نے بتایا کہ ایک اور قیدی 51 سالہ اشرف محمد ابو وردہ اتوار کو اسرائیل کے سوروکا ہاسپٹل میں انتقال کر گیا۔