اسرائیلی رکن پارلیمنٹ کورونا پازیٹیو ، اسکولس دوبارہ بند

   

تل ابیب ۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کے ایک رکن اسمبلی میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد پارلیمنٹ کا اجلاس معطل کر دیا گیا ہے جبکہ ملک میں وائرس کی نئی لہر کے بعد دو ہفتے قبل کھولے گئے کئی اسکول بھی بند کئے جا رہے ہیں۔رائٹرز کے مطابق رکن پارلیمنٹ سامی ابو شحادہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد جمعرات کو پارلیمنٹ کا ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔پارلیمنٹ کے عرب رکن سامی ابو شحادہ اسرائیل کی عرب جماعتوں کے اتحاد القائمہ المشترکہ (جوائنٹ لسٹ) کے رکن ہیں۔سامی ابو شحادہ نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا ہیکہ وہ ان تمام افراد سے گزارش کرتے ہیں جو حالیہ چند روز کے دوران ان کے قریب رہیکہ وہ قرنطینہ میں چلے جائیں اور اپنا کورونا وائرس کا ٹسٹ بھی کرائیں۔ دوسری جانب اسرائیل میں گزشتہ ماہ کھولے گئے اسکولوں کے کئی طلبہ کے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد ملک بھر میں تشویش پھیل گئی ہے۔