اسرائیلی سکیورٹی فرم دبئی کے مشرق بینک کومالیاتی جرائم کاسراغ لگانے کیلئے’ٹول‘ دے گی

   

دبئی ۔ اسرائیل کی ٹیکنالوجی فرم تھیٹارے مالیاتی جرائم کا سراغ لگانے والا ٹول متحدہ عرب امارات کے مشرق بینک کو مہیا کرے گی اور اس مقصد کے لیے بینک کولائسنس دے گی۔اس کے ذریعہ دوسرے بینکوں سے مشرق بینک کو رقوم کی ترسیل کا لگایا جاسکے گا۔ مشرق بینک میں گروپ سربراہ برائے عمل درآمد اسکاٹ رمزے نے ایک بیان میں کہا کہ تھیٹا رے کی ٹیکنالوجی سے بینکوں کوسرحد پارادائیگیوں کے بڑھتے ہوئے پیچیدہ معاملات میں مالی جرائم کے خطرات سے موثرطریقے سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ اسرائیلی فرم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مارک گزیٹ نے سالانہ فیس ظاہر کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ متحدہ عرب امارات کے کسی بینک کے ساتھ تھیٹا رے کالائسنس کے اجرا کا پہلا براہ راست معاہدہ ہے۔اسرائیلی فرم کا تیارکردہ ٹول منی لانڈرنگ یا فراڈ جیسے مالیاتی سائبرخطرات کی نشان دہی کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتا ہے تاکہ صارفین مشکوک لین دین کے خلاف کارروائی کر سکیں۔گزیٹ نے رائٹرزکو بتایا کہ یہ ٹول قریباً اسکیننگ مشین کی طرح ہے۔
دبئی میں واقع مشرق بینک کے ہیڈ کوارٹر نے ایک بیان میں کہا کہ اس ٹول کے ذریعے بینکوں کو سرحد پار رقوم کی منتقلی میں بڑھتی ہوئی پیچیدگیوں اور مالی جرائم کے خطرات کو موثر طریقہ سے ناکام بنانے میں مددملے گی۔ متحدہ عرب امارات نے مشرق اوسط کے ایک بڑے مالیاتی اور تجارتی مرکز کی حیثیت سے حالیہ برسوں میں بینک کاری کے نظام اور مالیاتی ضوابط کو سخت کیا ہے اور بینکوں پر زوردیا ہے کہ وہ منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات میں اضافہ کریں تاکہ اس تاثرکو زائل کیا جاسکے کہ یو اے ای ناجائزدولت کوچھپانے یا کالے دھن کو سفید کرنے کاایک مقبول مقام ہے۔ تھیٹارے کے کے سربراہ گزیٹ نے اس توقع کا اظہارکیا ہے کہ مشرق بینک کے ساتھ معاہدے سے یواے ای اور دیگر عرب ممالک کے مالیاتی اداروں کے ساتھ ایسے ہی مزید سمجھوتوں کی راہ ہموار ہوگی۔ گزیٹ نے یہ بھی کہا کہ کمپنی نے قلیل مدت میں نجی رہنے کا منصوبہ بنایا ہے اور جلد ہی اس کی صلاحیت کار میں اضافے میں مدد کے لیے کروڑوں ڈالر کے وسائل مہیا کیے جائیں گے۔