راملہ ۔ مغربی کنارے کے شمالی علاقے میں اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران تقریبا 159 فلسطینی مظاہرین زخمی ہو گئے ہیں۔فلسطینی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے ایک بیان میں کہا کہ طبی ٹیموں نے نابلس شہر کے بالترتیب جنوبی اور مشرقی دیہات بیتا اور بیت دجن کے قریب اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں زخمی ہونیوالے 79 فلسطینی شہریوں کا علاج کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 79 زخمی فلسطینیوں میں 2 نوجوان بھی شامل ہیں جنہیں براہ راست گولیاں ماری گئی ہیں اور انہیں ایمبولینس کے ذریعہ نابلس کے مرکزی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔اس کے علاوہ اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے چلائی گئی ربڑ میں لپٹی دھاتی گولیوں سے 9 دیگر افراد بھی زخمی ہوئے ہیں جن میں ایک خاتون صحافی بھی شامل ہے جسے چہرے پر گولی ماری گئی جبکہ فوجیوں کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کے باعث 68 افراد دم گھٹنے سے متاثر ہوئے ۔