اسرائیلی فوج کا وحشیانہ کریک ڈاؤن، کئی فلسطینی گرفتار

,

   

مغربی کنارہ : قابض اسرائیلی فوج نے اتوار کی صبح مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے کے مختلف غلاقوں میں چھاپہ مار مہم کے دوران متعدد شہریوں کو گرفتار کرلیا۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے رام اللہ اور البریح گورنری کے محلہ سطح مرحبا پر دھاوا بولا اور رہا ہونے والے جمعہ التایہ کو دوبارہ گرفتار کرلیا۔البریح گورنری کے شمال میں الجلزون کیمپ پر بھی دھاوا بولا گیا اور رہائی پانے والے فلسطینی قیدی عبد الرحمن حسین الجلیس کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔جنین میں قابض فوج نے محمد السعدی کو گرفتار کیا اور شہر کے شمال میں واقع گاؤں السیلۃ الحارثیہ سے ایک گاڑی قبضہ میں لے لی۔مقبوضہ بیت المقدس کے مشرق میں الطور قصبہ سے دو نوجوانوں عمر اور فرید ابو الھویٰ کو پکڑ کر پابندی سلاسل کردیا گیا۔صہیونی افواج نے صبح کے وقت طولکرم کے قصبوں علار اور صیدا اور نابلس کے جنوبی علاقہ جماعین میں کارروائیاں کیں۔بیت لحم کے مغرب میں واقع گاؤں حسان پر صہیونی فوج نے دھاوا بولا تو جھڑپیں شروع ہوگئیں۔