یروشلم : مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے چھاپوں کے دوران ایک فلسطینی زخمی اور 15 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فورسز نے نابلس کے مشرق میں واقع بالاتا پناہ گزین کیمپ پر دھاوا بولا۔اسرائیلی فوج اور درجنوں فلسطینیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی جنہوں نے کیمپ میں ایک گھر کو گھیرے میں لے لیا اور علاقے میں فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔فلسطین ہلال احمر کی جانب سے جاری کردہ تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے 20 سالہ فلسطینی کو علاج کے لیے رفیدا اسٹیٹ اسپتال لے جایا گیا ہے۔فلسطینی قیدیوں کے کلب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں 15 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی القدس میں اکثر چھاپے مارنے والی اسرائیلی فورسز فلسطینیوں کو مختلف الزامات کے تحت حراست میں لے رہی ہیں۔