تل ابیب : سابق اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے ایران کے میزائل حملوں کے جواب میں موجودہ اسرائیلی حکومت سے ایران پر حملے کا مطالبہ کردیا۔نفتالی بینیٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ پچھلے 50 سال میں اسرائیل کو پہلی مرتبہ بہت ہی بڑا موقع ہاتھ لگا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ کا چہرہ تبدیل کر سکتا ہے۔سابق اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ شطرنج کے بہترین کھلاڑیوں جیسی ایرانی قیادت نے اسرائیل پر براہ راست حملہ کرکے بہت ہی بڑی غلطی کردی ہے، ہمیں بھی فوری حرکت کرتے ہوئے ایران کے جوہری پروگرام اور توانائی کے مراکز کو تباہ کردینا چاہیے۔نفتالی بینیٹ نے کہا کہ اسرائیل کو فوری طور پر ردعمل دیتے ہوئے ایران کی دہشتگری کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا چاہیے۔سابق اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ کبھی کبھی ایسا موقع آتا ہے کہ تاریخ آپ کے دروازے پر دستک دیتی ہے اور آپ کو اس پر دروازہ کھول دینا چاہیے، ہمیں یہ موقع ہرگز گنوانا نہیں چاہیے۔