اسرائیل اور ایران کے تیسرے دن بھی ایک دوسرے پر حملے

,

   

اسرائیل میں 3 خواتین ہلاک‘ کئی افراد زخمی، تہران میں عمارت پر میزائل گرنے سے 29 بچوں سمیت 60 افراد جاں بحق
ایرانی تیل کی صنعت پر اسرائیل کاپہلا حملہ‘ تیل کی قیمتوں میں اضافہ کا اندیشہ ‘جوہری پروگرام پر مذاکرات معطل

تہران ۔15؍جون (ایجنسیز ) ایران اور اسرائیل نے ہفتہ کی رات گئے ایک دوسرے پر تازہ حملے کیے ہیں جو اتوار کی صبح تک جاری رہے۔ تازہ حملوں میں اسرائیل نے ایران میں دنیا کی سب سے بڑی گیس فیلڈ کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ہفتہ کی رات گئے ایران کی طرف سے مزید میزائل داغے گئے جن میں توانائی کی صنعت اور وزارت دفاع کے ہیڈ کوارٹر کو براہ راست نشانہ بنایا گیا۔ اتوار کی صبح یروشلم اور تل ابیب دھماکوں سے گونج اٹھا جبکہ فضائی حملے کے سائرن بھی بجائے گئے۔دارالحکومت تل ابیب میں کئی میزائل فضا میں گزرتے ہوئے دیکھے گئے ۔اسرائیل کی ایمبولینس سروس نے بتایا کہ شمالی اسرائیل میں ایک گھر کے قریب میزائل حملے میں تین خواتین ہلاک اور 10 افراد زخمی ہوئے۔ مقامی وقت کے مطابق رات کے ڈھائی بجے اسرائیلی فوج نے ایران سے داغے گئے مزید میزائل حملوں کے حوالے سے عوام کو خبردار کیا اور شیلٹر میں پناہ لینے کی اپیل کی۔رات کے ساڑھے تین بجے تک اسرائیل پر مختلف میزائل حملوں میں کم از کم چار افراد ہلاک اور 36 کے زخمی ہونے کی اطلاع تھی۔ وسطی اسرائیل میں واقع ایک 10 منزلہ رہائشی عمارت کو حملوں میں بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔دوسری جانب ایران نے کہا ہے کہ مغربی تہران میں شاہران آئل ڈپو کو اسرائیلی حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ اسرائیل نے ایران کے جنوبی پارس گیس علاقے پر حملہ کر دیا جو کہ دنیا کا سب سے بڑا گیس علاقہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی تیل-گیس کی عالمی سپلائی کو لے کر تشویش میں اضافہ ہوگیا ۔ اسرائیلی میزائلوں نے ہفتہ۔اتوار کی رات تہران کے قریب شہران آئل ڈپو اور وزارت دفاع کی عمارت کو نشانہ بنایا۔ شہر کے پاس ایک تیل ریفائنری میں آگ لگ گئی اور 14 منزلہ رہائشی عمارت پر میزائل گرنے سے 60 لوگوں کی موت ہو گئی جس میں 29 بچے شامل تھے۔ ایرانی تیل اور قدرتی گیس کی صنعت پر اسرائیل کی جانب سے یہ پہلا حملہ ہے۔خطہ میں تیل کی برآمدات میں ممکنہ رکاوٹ کے خدشات سے پہلے ہی جمعہ کو تیل کی قیمتوں میں نو فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ایرانی جنرل اسماعیل کوثری نے ہفتہ کو کہا تھا کہ تہران جائزہ لے رہا ہے کہ آیا خلیج تک ٹیکنکوں کی رسائی کیلئے آبنائے ہرمز کو بند کر دیا جائے۔پاسداران انقلاب نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل نے حملے جاری رکھے تو تہران کے حملے’ شدید اور زیادہ وسیع‘ ہوں گے۔‘ایران نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے کے پہلے دن 78 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ دوسرے دن مزید ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔ دوسرے روز تہران میں نشانہ بننے والی 14 منزلہ رہائشی عمارت میں مزید 60 افراد جان سے گئے جن میں 29 بچے شامل ہیں۔کشیدگی میں اضافے کے بعد امریکہ اور ایران کے درمیان اتوار کو ہونے والے جوہری مذاکرات کا نیا دور منسوخ کر دیا ۔امریکہ اور ایران کے درمیان ایٹمی پروگرام پر مذاکرات کے ثالث ملک عمان کا کہنا ہے اسرائیل کے حملوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اتوار کو طے شدہ مذاکرات نہیں ہوں گے لیکن انہوں نے یہ بھی کہا کہ سفارت کاری اور مذاکرات ہی پائیدار امن کا واحد راستہ ہیں۔