اسرائیل اور ترکی سفارتی تعلقات کی مکمل بحالی پر متفق

   

تل ابیب: اسرائیل اور ترکی نے سفارتی تعلقات کی مکمل بحالی پر اتفاق کر لیا ہے۔ دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے اس پیش رفت کو ایک ’تاریخی قدم‘ قرار دیا ہے۔ ترک سفیر کو بھی جلد ہی اسرائیل بھیج دیا جائے گا۔ترکی اور اسرائیل کی جانب سے تعلقات کی مکمل بحالی کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب حال ہی میں اسرائیلی وزیر اعظم نے ترکی کا دورہ کیا تھا۔ آج اسرائیلی وزیر اعظم یائر لاپیڈ کے دفتر کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے سفیروں اور قونصل جنرلز کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ فیصلہ اسرائیلی وزیراعظم کے دورہ ترکی اور ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے ساتھ بات چیت کے بعد کیا گیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے، ”ترکی کے ساتھ تعلقات کی مکمل بحالی علاقائی استحکام کے لیے ایک اہم اثاثہ اور اسرائیل کے شہریوں کے لیے بہت اہم اقتصادی خبر ہے۔‘‘یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس طرح دنیا میں اسرائیلی موقف کو مزید تقویت حاصل ہو گی۔