اسرائیل جنگ بندی ‘ افواج کے انخلاء و قیدیوں کی رہائی کیلئے تیار : بائیڈن

   

اسرائیل جنگ بندی ‘ افواج کے انخلاء و قیدیوں کی رہائی کیلئے تیار : بائیڈن
یہ ایک بہترین موقع ہے ۔ ہم اسے گنوا نہیں سکتے ۔ حماس سے بھی مثبت رد عمل کی اپیل
واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن نے آج اعلان کیا کہ اسرائیل مشرق وسطی میں مکمل جنگ بندی کیلئے تیار ہوچکا ہے اور اس نے ایک روڈ میاپ پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں حماس کے خلاف فوجی کارروائی روکنے کیلئے تیار ہے ۔ اس نے فوجی دستبرداری اور یرغمالیوں کی رہائی کیلئے بھی روڈ میاپ پیش کیا ہے ۔ جو بائیڈن نے وائیٹ ہاوز سے ایک تقریر میں کہا کہ اسرائیل نے ایک مکمل منصوبہ پیش کیا ہے جس میں ایک مکمل اور جامع جنگ بندی ‘ اسرائیلی افواج کی غزہ کے تمام آبادی والے علاقوں سے دستبرداری اور بے شمار یرغمالیوں بشمول خواتین ‘ معمرین اور زخمیوں کی رہائی کیلئے بھی تیار ہے ۔ یہ رہائی سینکڑوں فلسطینی قیدیوں کے بدلے میں ہوگی ۔ بائیڈن نے کہا کہ ہلاکت خیز جنگ بندی کیلئے یہ ایک بہترین تجویز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی ہوجاتی ہے تو پھر ضرورت مندوں میں امداد کی بحفاظت اور موثر تقسیم بھی ممکن ہوسکے گی ۔ انہوں نے اسرائیل کے نام اپنے پیام میں بھی کہا کہ وہ امریکہ کے ایسے واحد صدر ہیں جنہوں نے دوران جنگ اسرائیل کا دورہ کیا تھا ‘ انہوں نے ہی امریکی افواج اسرائیل کی دفاع کیلئے روانہ کئے تھے جب ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا تھا ۔ وہ اس حیثیت میں اسرائیل پر زور دیتے ہیں کہ وہ سوچے کہ اگر یہ لمحہ گنوادیا گیا تو کیا ہوگا ۔ ہم اس موقع کو گنوانے کے متحمل نہیں ہوسکتے ۔ امریکی صدر نے حماس پر بھی زور دیا ہے کہ وہ اس پیشکش کو قبول کرلے کیونکہ یہ ایک بہترین موقع ہے۔