اسرائیل مزید علاقوں پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، فلسطینی وزیراعظم

,

   

مغربی کنارہ /19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) فلسطین کے وزیرِ اعظم محمد اشتیہ نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطین کے بڑے حصے کو اپنے اندر ضم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور بین الاقوامی برادری کے لیے ایک موقع ہے کہ وہ اپنے ضمیر کی آواز سنے اور فلسطین کا ساتھ دے۔فلسطینیوں کے حقوق کے حوالے سے قائم اقوامِ متحدہ کی کمیٹی سے پیر کو اپنے آن لائن خطاب میں محمد اشتیہ کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کی حکومت اب واضح طور پر کہہ چکی ہے کہ وہ فلسطین کے کچھ علاقوں کا الحاق کرنے جا رہی ہے۔ لہذا کسی بھی ملک کے پاس اس ناانصافی کے خلاف کھڑے نہ ہونے کا جواز نہیں ہے۔انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ اسرائیل اگر فلسطین کے علاقوں کے الحاق کے ارادے پر قائم رہتا ہے تو اس پر پابندیاں عائد کی جائیں اور فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کیا جائے۔خیال رہے کہ فلسطین کو اقوامِ متحدہ میں غیر رکن ملک کی حیثیت سے مبصر کی حیثیت حاصل ہے۔