یروشلم : اسرائیل نے کافی پس و پیش کے بعد بالآخر ملک میں کام کرنے والے فلسطینی شہریوں کو کورونا ٹیکہ دینے کا عمل شروع کیا ہے جبکہ ٹیکہ اندازی کا عمل شروع ہوئے زائد از دو مہینے ہوچکے ہیں۔ مغربی کنارہ پر واقع متعدد چیک پوائنٹس ہیں جہاں سے فلسطینی شہری روزگار کے لئے اسرائیل میں داخل ہوئے ہیں۔ اسرائیل کی ملٹری ایجنسی COGAT نے حکومت سے تعاون کرتے ہوئے ٹیکہ اندازی کا عمل شروع کیا ہے۔ مغربی کنارہ سے تعلق رکھنے والے کم و بیش ایک لاکھ فلسطینی شہری اسرائیل میں کام کرتے ہیں۔ اسرائیل نے اپنی 9.3 ملین آبادی کیلئے فائزر ویکسین کی 8.7 ملین خوراکوں کی ٹیکہ اندازی کی ہے۔