استنبول :ترکی وزارت خارجہ نے موضوع سے متعلق جاری کردہ تحریری بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی حکام کی طرف سے،مقبوضہ دریائے اردن کے مغربی کنارے کے شہر رملہ کے جوار میں بیت الیہودی نامی غیر قانونی رہائشی بستی میں 350 مکانات پر مشتمل، نئے رہائشی منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھے جانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے دنوں میں کہ جب ابھی غزہ کے حملوں کی تکلیف تازہ ہے ان تحریکی کاروائیوں کا جاری رہنا یہ ثابت کرتا ہے کہ اسرائیلی حکام نے ان حالات سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اسرائیل کی غیر قانونی کاروائیوں کی نفی کرتے اور ایک دفعہ پھر اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اسرائیل کو اس کے بین الاقوامی قوانین کے منافی اقدامات و پالیسیوں کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔
