اسرائیل پورے فلسطین کو قبرستان بنانے پر تلا ہوا ہے: شہباز شریف

   

اسلام آباد : قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اسرائیل پورے فلسطین کو قبرستان بنانے پر تلا ہوا ہے، اگر اسرائیل کا ظلم نہہ روکا گیا تو پورا خطہ اور دنیا تباہی و بربادی کے جہنم میں جاگرے گی۔غزہ پر اسرائیلی حملوں کی مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے فلسطینیوں کی شہادت پر اظہار رنج وغم کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ‘عالمی برادری، اوآئی سی، عرب لیگ اسرائیل کو ظلم وبربریت سے روکنے کے لیے فوری کردار ادا کرے’۔انہوں نے کہا کہ ‘اسلامی ممالک کا سربراہی اجلاس بلایا جائے اور اس قتل عام کو رکوایا جائے، بے گناہ خواتین اور شہید بچے پوری انسانیت سے انصاف کا سوال کررہے ہیں’۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ‘یورپی یونین سمیت تمام مہذب دنیا کے بیان کافی نہیں، بے گناہوں کو بچانے کے لئے عملی قدم اٹھانا ہوگا’۔