تبریز اور خرم آباد میں پاسداران انقلاب کے 9 اہلکار شہید‘اسرائیلی ڈرون کو وسطی ایران کے شہر کاشان پر مار گرایا گیا
تل ابیب ۔21؍جون (ایجنسیز )اسرائیل نے ایران پر تازہ حملوں میں میزائلوں کے ذخیرہ کیے گئے مقامات اور انفرااسٹرکچر کی تنصیبات کو نشانہ بنانے اور پاسداران انقلاب کے ایک اور سینئر کمانڈر کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے، ایرانی میڈیا کے مطابق تبریز اور خرم آباد میں پاسداران انقلاب کے 9 اہلکار شہید ہوئے ہیں۔میڈیا نے بتایا کہ ایران کے وسطی شہر اصفہان میں ایک دھماکے کی اطلاعات ملی ہیں۔دھماکے کے بعد شہر میں فضائی دفاعی نظام کو فعال کر دیا گیا ہے۔یہ شہر اصفہان نیوکلیئر ٹیکنالوجی کا اہم سنٹر جو ایران کا سب سے بڑا جوہری تحقیقی کامپلکس ہے۔اصفہان کے نائب گورنر نے صوبے پر اسرائیلی حملوں کی مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ لنجان، مبارکہ، شہریزہ اور اصفہان کے شہروں کو نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اصفہان میں جوہری مقام کو بھی نشانہ بنایا گیا تاہم خطرناک مواد کا کوئی اخراج نہیں ہوا۔ایران کے سرکاری ’پریس ٹی وی‘ کے مطابق ایک اسرائیلی ڈرون کو وسطی ایران کے شہر کاشان پر مار گرایا گیا۔ایرانی میڈیا نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل نے قْم شہر میں ایک عمارت پر حملہ کیا جس میں ایک 16 سالہ نوجوان جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے۔تہران ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ مغربی ایران میں فورسز نے اسرائیل کی ایجنسی موساد کے ایجنٹوں کی جانب سے پلانٹ کیا گیا ایک بم ڈھوند کر ناکارہ بنا دیا۔اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ صہیونی فورسز کے حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کے مبینہ بیرونی بازو کے سربراہ شہید ہوگئے۔میڈیا کے مطابق اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ فوج نے ایرانی پاسداران انقلاب کے مبینہ بیرون ملک بازو کے تجربہ کار کمانڈر سعید ایزادی کو ایران کے شہر قْم میں ایک اپارٹمنٹ میں حملے میں شہید کیا۔پاسداران انقلاب کی جانب سے سعید ایزادی کی شہادت کی کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔اسرائیلی وزیر دفاع نے کمانڈر کی ہلاکت کو ’اسرائیلی انٹیلی جنس اور فضائیہ کے لیے ایک بڑی کامیابی‘ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ سعید ایزادی نے ابتدائی حملوں کے دوران حماس کی مالی معاونت کی ۔ الجزیرہ نے اسرائیلی فوج کے حوالے سے کہا کہ اس نے ایران کے پاسداران انقلاب اسلامی کے ایک سینئر کمانڈر کو شہید کر دیا ہے۔اسرائیلی فوج نے کہا کہ امین پور جودخی پاسداران انقلاب میں دوسری ’وی اے وی‘ بریگیڈ کے ذمہ دار تھے یا اس کو کمانڈ کرتے تھے۔ایرانی میڈیاکے مطابق، شمال مغربی ایران کے شہر تبریز میں ایک تربیتی مرکز پر اسرائیلی حملے میں ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (پاسداران انقلاب) کے 4 اہلکار شہید ہو گئے ہیںجبکہ 3 دیگر زخمی بھی ہوئے۔ ایرانی جوہری سائنسدان ڈاکٹر سید ایثار طباطبائی قمشہ کو قم میں ان کی اہلیہ کے ہمراہ شہید کیا گیا۔ایران کی جوہری صنعت نمایاں مگر کم معروف شخصیت ڈاکٹر سید ایثار طباطبائی قمشہ اور ان کی اہلیہ منصورہ حاجی سالم کو گزشتہ ہفتے کے آخر میں ان کی رہائش گاہ میں شہید کیا گیا تھا۔اسرائیلی حکام نے کہا کہ ایران جاسوسی کے لیے اسرائیل کے ارد گرد پرائیویٹ سیکیورٹی کیمروں کا استعمال کر رہا ہے۔ اسرائیل کے سائبر سیکیورٹی کے ایک سابق اہلکار نے پبلک ریڈیو پر خبردار کیا کہ اسرائیلیوں کو اس بات کی تصدیق کرنی چاہیے کہ ان کے گھر کے سیکیورٹی کیمرے مضبوط پاس ورڈز سے محفوظ ہیں یا انہیں بند کر دیں۔ اسرائیل کے نیشنل سائبر ڈائریکٹوریٹ کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ریفیل فرانکو نے کہا کہ پچھلے دو یا تین دنوں میں، ایرانی یہ سمجھنے کے لیے کیمروں سے جڑنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کیا ہوا اور ان کے میزائل کہاں مارے گئے تاکہ ان کی درستگی کو بہتر بنایا جا سکے۔