اسرائیل کو اس کی غلط کارروائیوں کا فائدہ نہیں ملنا چاہیے: پاکستان

   

دی ہیگ : پاکستان نے عالمی عدالتِ انصاف میں فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے سے متعلق جاری سماعت میں موقف اختیار کیا ہے کہ دو ریاستی حل کو خطہ میں امن کی بنیاد ہونا چاہیے۔ جمعہ کو پاکستان کے نگراں وزیرِ قانون احمد عرفان اسلم نے دی ہیگ میں جاری عالمی عدالتِ انصاف کی سماعت میں پاکستان کا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے فلسطینیوں کے حقِ خود ارادیت کا حامی رہا ہے اور اس کا دفاع کرتا رہے گا۔ بین الاقوامی عدالتِ انصاف، اقوامِ متحدہ کی جانب سے کی جانے والی درخواست کے بعد فلسطینی مقبوضہ علاقہ سے متعلق ایک ہفتہ پر محیط سماعتیں کر رہی ہے۔ اس کارروائی میں 52 ملک اسرائیل کے قبضے کے بارے میں اپنی رائے دے رہے ہیں جس کی اس سے پہلے کوئی نظیر موجود نہیں ہے۔ زیادہ تر ملکوں کے مقررین نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ اس نے 1967 میں چھ روزہ عرب اسرائیل جنگ میں جن علاقوں پر قبضہ کیا تھا اسے ختم کر دے لیکن امریکہ عالمی عدالت میں اپنے اتحادی کے دفاع کے لیے سامنے آیا ہے۔