اسرائیل کو اپنے انسانیت سوز جرائم کے نتائج بھگتنا پڑیں گے:ترکیہ

   

انقرہ : ترکیہ قومی سلامتی کونسل نے کہا ہے کہ اسرائیل کے غزہ پر حملے اور انسانیت سوز جرائم تاریخ کے صفحات پر ایک سیاہ دھبہ ہیں اور اسرائیل کو جلد یا بدیر ان جرائم کا حساب دینا ہو گا۔ترکیہ قومی سلامتی کونسل کا اجلاس صدر رجب طیب اردغان کی زیرِ صدارت صدارتی سوشل کمپلیکس میں منعقد ہوا۔اعلامیے میں 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں کے بارے میں بھی بات کی گئی اور کہا گیا ہے کہ “اسرائیل کو جلد یا بدیر غزّہ میں سرزد کردہ انسانیت سوز جرائم کے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ معصوم شہریوں کے اجتماعی قتل عام کیلئے کئے جانے والے حملوں اور غزّہ کی زمین پر قبضے کو زیادہ تاخیر کئے بغیر روکنا بین الاقوامی معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ترکیہ اس معاملے میں ہر طرح کی کاروائیاں کرنا جاری رکھے گا”۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ “اگر اسرائیل اور اس کے حامیوں نے ان منفور کاروائیوں کو فی الفور ختم نہ کیا تو شدّت کے ایک ایسے سلسلے کا آغاز ہو جائے گا جس کے اثرات نسلوں تک جاری رہیں گے اور یہ شدّت صرف متاثرہ علاقے تک ہی محدود نہیں رہے گی بلکہ دیگر علاقوں کو بھی لپیٹ میں لے لے گی۔