اسرائیل کی انسانی ذمہ داریوں پر اقوام متحدہ کی قرارداد کا خیرمقدم

   

ریاض : سعودی کابینہ کے اجلاس میں غزہ میں اسرائیل کی انسانی ذمہ داریوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرار داد کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کیمطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت ہوا۔اجلاس میں ملکی اور بین الاقوامی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں ٹیلی کمیونیکیشن اور خلائی ٹیکنالوجی کمیشن تنظیمِ نو اور انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کے لائحہ عمل میں تبدیلی کی منظوری دی گئی۔اجلاس کے آغاز میں کابینہ کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سیعراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی سے ملاقات اور خطے میں ہونے والی پیش رفت کے لیے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔کابینہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے منظور کی جانے والی قرارداد کو سراہا جس میں عالمی سطح پر فلسطینیوں کو امداد کی فراہمی کیلیے اسرائیل کی انسانی ذمہ داریوں کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف سے مشاورتی رائے کی درخواست کی گئی اور قرار داد کے حق میں ووٹ دینے والے ممالک کے مثبت کردار کو سراہا گیا۔وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے اجلاس کی کارروائی کے بارے میں بتایا کہ ’کابینہ نے سوڈان میں قیام امن کے حوالے سے سہ فریقی مشاورتی اجلاس میں مملکت کے موقف کی تائید کرتے ہوئے برادر ملک میں جاری بحران کے خاتمے اور قیام امن کی اہمیت کو اجاگر کیا۔‘اجلاس نے سال 2024 میں ڈیجیٹل تبدیلی کے حوالے سے اقدامات کو سراہا جن میں شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے علاوہ وزیٹرز کو فراہم کی جانے والی خدمات کو جاری رکھنے، انہیں مزید بہتر اور معیار زندگی کو بلند کرنے کے علاوہ تجارتی سرگرمیوں و مثبت مقابلے فضا میں اضافہ کرنا ہے۔