اسرائیل کے حملہ پر ایران تل ابیب کو تباہ کردیگا:رئیسی

   

تہران: ایران کے صدرابراہیم رئیسی نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کے نتیجے میں اسرائیل کے شہر تل ابیب اور حَیفا تباہ ہوجائیں گے۔ابراہیم رئیسی نے یہ دھمکی ایران کے سالانہ یوم فوج کے موقع پر سرکاری ٹیلی وڑن پر براہ راست نشر ہونے والی ایک تقریب میں دی ہے۔انھوں نے کہا کہ دشمن خاص طورپرصہیونی حکومت سمجھ چکی ہے کہ ایران کے خلاف چھوٹی سے چھوٹی کارروائی سے اس کی مسلح افواج کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آئے گا اوروہ حیفا اور تل ابیب کی تباہی کاسبب بنے گا۔ایران متعدد مواقع پراسرائیل پراپنی جوہری تنصیبات اورسائنس دانوں کونشانہ بنانے کا الزام عاید کرچکا ہے۔اسرائیل ایران پرجوہری ہتھیاربنانے کی کوشش کا الزام لگاتا ہے جس کی تہران تردیدکرتا ہے۔اسرائیل نے بارہا متنبہ کیا ہے کہ اگر ایران کے جوہری پروگرام کوروکنے کی سفارتی کوششیں ناکام ہوئیں تو وہ فوجی کارروائی کرے گا۔