اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کا امکان مسترد:اسلامی جہاد تحریک

   

ثالثی کیلئے اقوام متحدہ، مصر اور قطر کی کوششیں تیز‘تحمل کا مظاہرہ کرنے روس کی اپیل
غزہ پٹی :غزہ میں اسرائیلی حملوں کے بعد اسلامی جہاد تحریک نے اسرائیل کے ساتھ فوری جنگ بندی کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ گذشتہ روز غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری سے 15 فلسطینی شہید اور 110 زخمی ہوئے تھے۔اسرائیلی حملے کو اعلان جنگ قرار دیتے ہوئے اسلامی جہاد تحریک کی جوابی کارروائی میں اسرائیل پر 160 راکٹ فائر کیے گئے۔غزہ میں اسلامی جہاد تحریک کے خلاف اسرائیلی آپریشن کے حوالے سے اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسلامی جہاد کے خلاف آپریشن ایک ہفتے تک جاری رہ سکتا ہے، جنگ بندی کے لیے فی الحال کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔غزہ میں کشیدگی بڑھنے پر اقوام متحدہ، مصر اور قطر نے ثالثی کی کوششیں شروع کر دی ہیں، روس نے بھی غزہ میں فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔