حیدرآباد :ایک آن لائن پروگرام میں محکمہ خلا اٹل انوویشن مشن، نیتی آیوگ نے اعلان کیا ہے کہ ہندوستانی خلائی جانچ ایجنسی(اسرو) ملک بھرمیں 100اٹل ٹکرنگ لیبس (اے ٹی ایلس)کی ذمہ داری قبول کرے گی جن میں سے 45اے ٹی ایلس کی ذمہ داری پہلے مرحلہ میں قبول کی گئی اور بقیہ 55کی ذمہ داری جلد ہی قبول کی جائے گی تاکہ اسٹم، سائنس کی تعلیم کو فروغ دیاجاسکے اورخلا کی تعلیم اور خلائی ٹکنالوجی سے متعلق اختراعات اسکولی بچوں میں فروغ دیئے جاسکیں۔
گذشتہ روز ہوئے اس ورچول پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے نیتی آیوگ کے نائب صدرنشین ڈاکٹرراجیو کمار نے کہا کہ حکومت ہند کے تمام محکمہ جات اور وزارتیں مل کر کام کررہی ہیں تاکہ آتمانربھر(خود مکتفی)بھارت بنایاجاسکے ۔نیتی آیوگ اور ہندوستانی خلائی جانچ ایجنسی کے درمیان اشتراک ایسی مساعی کی ایک بہترین مثال ہے ۔یہ ابھرتے ہوئے خلائی محققین اور خلابازوں کے لئے ایک عظیم موقع ہے جس کے ذریعہ وہ اپنے اسکولس، خاندانوں اور طبقات کے لئے جذبہ بن سکتے ہیں۔اسرو کے صدرنشین سیون نے امید ظاہر کی کہ یہ قدم روایتی اکتساب کے مقابلہ اسکولی بچوں میں تجرباتی اکتساب کے جذبہ اور اختراعات کو فروغ دینے میں معاون بنے گا۔