اسلاموفوبیا کا شکار وفد کو دورہ کشمیر کی اجازت

,

   

وفد کے ارکان نازی ذہنیت کے حامل : اسد الدین اویسی کا رد عمل
حیدرآباد 29 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے آج بی جے پی کی مرکزی حکومت پر یوروپی یونین وفد کے دورہ کشمیر کے تعلق سے تنقید کی اور کہا کہ وفد کے ارکان اسلاموفوبیا کا شکار ہیں اور نازی ذہنیت کے حامل ہیں۔ اسد اویسی نے اس دورہ سے متعلق میڈیا رپورٹ کو دوبارہ ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتخاب بہت خوب ہے ۔ اسلاموفوبیا کا شکار نازی ذہنیت کے حامل افراد کو مسلم اکثریتی وادی کا دورہ کروایا جارہا ہے ۔ یقینی طور پر لوگ اس کا خیر مقدم یہ کہتے ہوئے کرینگے کہ ’’ غیروں پہ کرم اپنوں پہ ستم ۔ ائے جان وفا یہ ظلم نہ کرے ۔ رہنے دے ابھی تھوڑا سا دھرم ‘‘ ۔ کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے بھی مرکز پر تنقید کی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ یوروپی ارکان پارلیمنٹ کو تو کشمیر کا دورہ کرنے اور مداخلت کی اجازت دی جا رہی ہے لیکن ہندوستانی ایم پیز اور قائدین کو جیسے ہی وہ وہاں پہونچتے ہیں ائرپورٹ سے واپس بھیجا جا رہا ہے ۔ یہ بڑی انوکھی قوم پرستی ہے ۔ یوروپی یونین کا وفد آج صبح کشمیر کیلئے روانہ ہوا ہے ۔ وفد نے وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کی تھی ۔