اسلاموفوبیا کیخلاف عالمی دن منانے کی پاکستانی قرار داد منظور

,

   

9/11 کے بعد مسلمانوں کے خلاف تشدد کے واقعات میں بیحد اضافہ ہوا ، عمران خان کی امت مسلمہ کو مبارکباد

نیویارک : پاکستان اور اوآئی سی کی اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن منانے کی قرارداد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے منظور کرلی ہے جس پر وزیراعظم عمران خان نے امت مسلمہ کو مبارکباد دی ہے۔تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن منانے کے لیے قرارداد پیش کی گئی۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم نے اسلاموفوبیا کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اسلاموفوبیا کے خلاف اقوام متحدہ میں آواز اٹھائی‘9/11کے بعد مسلمانوں کے خلاف تشدد کے واقعات بڑھے‘ مذہبی آزادی ہر شخص کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف ملکوں میں سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے اسلاموفوبیا کو ہوا دی جاتی ہے، اسلاموفوبیا کے خلاف آگاہی اور تدارک کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نفرت کو روکنا ہوگا ‘ مذہبی رواداری کا فروغ وقت کا تقاضا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسلاموفوبیا کے خلاف منظور کردہ قرارداد کے بعد وزیراعظم عمران خان کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا ۔ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے عمران خان نے لکھا کہ میں آج امت مسلمہ کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں‘ اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کے خلاف ہماری آواز سنی گئی ہے‘ اقوام متحدہ نے او آئی سی کی جانب سے پاکستان کی طرف سے متعارف کرائی گئی ایک تاریخی قرارداد منظور کی ہے‘ قرارداد میں 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن قرار دیا گیا ہے۔ آج اقوام متحدہ نے بالآخر دنیا کو درپیش سنگین چیلنج کو تسلیم کر لیا ہے‘ اگلا چیلنج اس تاریخی قرارداد پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔