نئی دہلی : انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر (آئی آئی سی سی) کے صدر کے عہدہ کے امیدوار اور معروف کینسر سرجن ڈاکٹر ماجد احمد ٹالیکوٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ آئی آئی سی سی کی واراثت کو برقرار رکھنے ، اس کے ذریعہ لوگوں کی خدمت کرنے اور اسے مزید مسلمانوں کی امیدوں کا مرکز بنانے کے مقصد کے لئے کام کریں گے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار گزشتہ رات یہاں درگاہ فیض الہی کے احاطہ میں سماج کے سرکردہ لوگوں اور اسلامک سنٹر کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ میں ایک ڈاکٹر ہوں اور ڈاکٹر کی زندگی کی شروعات کی خدمت خلق سے ہوتی ہے لہذا اس میں کوئی شک نہیں ہونی چاہئے کہ میرا مقصدکیا ہے ، میں صرف اور صرف مسلمانوں کی خدمت اور سماج کوآگے بڑھانے کے لئے الیکشن لڑ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرا مقصد اسلامک سنٹر کو آگے لے جانا اور اسے مسلمانوں کے لئے کس طرح مزید مفید اور کارآمد بنایا جائے اس کے لئے کوشش کرنی ہے ۔ ماجد ٹالیکوٹی نے بہت سے سوالات کے پس منظرمیں کہا کہ اگر کسی مسلمان کو تکلیف ہوتی ہے مجھے بھی تکلیف ہوتی ہے اور میرے پینل کو بھی ہوتی ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کوئی ایسا کام نہیں کریں گے جس سے یہاں کے 20کروڑ مسلمانوں کو کوئی تکلیف پہنچے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ اسلامک سنٹر ہماری شان اور ہمارے بزرگوں کی وراثت ہے اسے سنھالنا اور مسلمانوں کے لئے مزید کارآمد بنانا ہمارا اور ہم سب کافرض ہے ۔ اسی عزم کے ساتھ آپ لوگوں کے درمیان ہوں۔ انہوں نے کہاکہ خدمت کے جذبے سے ہی دوردراز علاقے بوکارومیں 600بستر کا ہاسپٹل اور ریسرچ سنٹر بنایا ہے تاکہ اس کے ذریعہ عام و خاص لوگوں کی خدمت کی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ لوگوں کی دعا شامل حال رہی تو اس طرح کے اسپتال دیگر علاقوں میں بنائے جائیں گے ۔