اسلام آباد کی سنسان سڑکوں پر شعیب اختر کی سیکل رانی

   

سابق پاکستانی اسٹار بولر کو سوشیل میڈیا پر مداحوں کی ناراضگی و برہمی کا سامنا

اسلام آباد 12 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے سابق اسٹار بولر شعیب اختر کو فیس بک پر عوام کی برہمی کا سامنا کرنا پڑا ہے کیونکہ انہوں نے ایک ویڈیوشئیر کیا تھا جس میں وہ اسلام آباد کی سنسان سڑک پر سائیکلنگ کرتے دکھائی دئے ہیں۔ اس ویڈیو کو انہوں نے کیپشن دیا تھا ’’ میرے خوبصورت شہر میں سائیکلنگ ۔ خالی سڑکیں ۔ بہترین موسم ۔ شاندار ورک آوٹ ‘‘ ۔ تاہم ان کے پرستاروں کو لاک ڈاون کی خلاف ورزی پسند نہیں آئی ۔ پاکستان میں 14 اپریل تک جزوی لاک ڈاون ہے جو کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے نافذ کیا گیا ہے ۔ شعیب اختر نے قبل ازیں اپنے پرستاروں سے اپیل کی تھی کہ وہ کورونا سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کریں۔ پرستاروں نے اس ویڈیو پر کہا کہ بے شمار لوگوں کیلئے رول ماڈل ہونے کے باوجود انہوں نے جو رویہ اختیار کیا ہے وہ درست نہیں ہے ۔ ایک پرستار نے اپنے کمنٹ میں کہا کہ یہ باہر نکلنے کا غلط وقت تھا ۔ شعیب کو دیکھتے ہوئے کئی دوسرے بھی ایسا کرسکتے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ گھروں میں رہا جائے اور محفوظ رہا جائے ۔ ایک اور کمنٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک طرح سے ذاتی مفاد کی تکمیل ہے جبکہ صورتحال ایسی ہے جہاں لوگ مر رہے ہیں اور وہ ( شعیب اختر ) خالی سڑکوں اور شہر کے بہترین موسم کا مزہ لوٹ رہے ہیں ‘‘ ۔ ایک اور برہم پرستار نے کمنٹ کیا کہ دنیا کے جو دوسرے سلیبریٹیز ہیں وہ عوام میں کورونا کا شعور بیدار کر رہے ہیں اور ہمارے جو رول ماڈل ہیں وہ لاک ڈاون کی صورتحال کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اور ایسے ویڈیو عام کر رہے ہیں۔ ایک پرستار نے کمنٹ کیا کہ شعیب اختر ان کے پسندیدہ بولر رہے ہیں لیکن انہیں اس طرح کے حالات میں سڑک پر سیکل چلاتے دیکھنا اچھی بات نہیں ہے ۔ عوامی ہیروز کو اس طرح کی حرکتوں سے باز رہنے کی ضرورت ہے ۔