اسمبلی اجلاس میں زیربحث آنے والے اقلیتی اُمور کا جائزہ

   

وزیر اقلیتی بہبود کا اجلاس، سابق صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کو خراج
حیدرآباد۔ وزیر اقلیتی بہبود و بہبودی درج فہرست اقوام کے ایشور نے آج محکمہ کے تمام اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے مجوزہ اسمبلی سیشن میں اقلیتی اُمور کے سلسلہ میں موضوع بحث آنے والے اُمور کا جائزہ لیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم ، حکومت کے مشیر اے کے خاں، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم ، سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ، سکریٹری ایس سی اقامتی اسکول سوسائٹی پراوین کمار، منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن کرانتی ویسلی، چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ محمد قاسم کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز پر سابق صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کے دیہانت پر دو منٹ کی خاموشی منائی گئی اور ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ بھارت رتن پرنب مکرجی نے مختلف عہدوں پر فائز رہتے ہوئے ملک کی نمایاں خدمت کی ہے۔ تلنگانہ کے قیام میں پرنب مکرجی کا اہم رول رہا۔ اجلاس میں تمام محکمہ جات سے ان کی کارکردگی پر مشتمل رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ عہدیداروں سے کہا گیاکہ وہ اسمبلی میں موضوع بحث آنے والے اُمور کی تفصیلات کے ساتھ تیار رہیں۔ عہدیداروں نے اقلیتی اسکیمات اور بجٹ کی اجرائی سے متعلق وزیر اقلیتی بہبود کو تفصیلات سے آگاہ کیا جس پر وزیر اقلیتی بہبود نے بجٹ کی اجرائی کے سلسلہ میں مساعی کا یقین دلایا۔