بیروزگار نوجوانوں ، کسانوں اور دیگر مسائل کو پیش کرنے کا فیصلہ: مہیشور ریڈی
حیدرآباد ۔ 12۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی کے بجٹ اجلاس کی حکمت عملی طئے کرنے کیلئے بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس آج منعقد ہوا۔ بی جے پی فلور لیڈر مہیشور ریڈی نے اجلاس میں صدارت کی۔ اجلاس میں پارٹی کے تمام 8 ارکان اسمبلی شریک رہے۔ اسمبلی کے مجوزہ بجٹ سیشن میں عوامی مسائل کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور مسائل کی نشاندہی کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ مہیشور ریڈی نے ارکان کو مشورہ دیا کہ وہ پابندی کے ساتھ اجلاس میں شریک ہوں اور مباحث میں حصہ لیں۔ ارکان اسمبلی کا ماننا ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں 8 نشستوں پر بی جے پی کی کامیابی تلنگانہ میں بی جے پی لہر کی نشاندہی کرتی ہے ۔ عوامی مسائل پر حکومت کو اسمبلی میں گھیرتے ہوئے ووٹ بینک میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔ اجلاس میں جن موضوعات کی نشاندہی کی گئی ان میں کسانوں کے قرض معافی ، رعیتو بھروسہ اسکیم ، بیروزگار نوجوانوں کے مسائل ، تقررات کیلئے امتحانات اور سرکاری محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات شامل ہیں۔ اجلاس کے بعد مہیشور ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف اسمبلی میں آواز بلند کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 7 ماہ میں کانگریس حکومت کئی بے قاعدگیاں اور بدعنوانیوں میں ملوث رہی۔ اسمبلی میں عوامی موضوعات پر حکومت کو گھیرنے میں کوشش کی جائے گی۔حکومت کی جانب سے 6 ضمانتوں پر عمل آوری میں کوئی پیشرف نہیں ہوئی ہے۔ 1