حیدرآباد میں ایم ایل ایز کیلئے کلب کی تعمیر، دلت بندھو اور دیگر امور پر مباحث کو قطعیت، پرانے شہر کی ترقی ایجنڈہ میں شامل
حیدرآباد۔ 24 ۔ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 5 اکتوبر تک جاری رہے گا ۔ اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی کی صدارت میں بزنس اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں ایام کار اور ایجنڈہ کو قطعیت دی گئی ۔ اجلاس میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ، ریاستی وزراء ہریش راؤ ، پرشانت ریڈی ، نرنجن ریڈی ، کے ایشور ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، قائد اپوزیشن اکبر الدین اویسی اور دوسروں نے شرکت کی ۔ بی جے پی ارکان کو اجلاس میں مدعو نہیں کیا گیا۔ بی اے سی کے فیصلہ کے مطابق 25 اور 26 کے علاوہ 2 اکتوبر کو گاندھی جینتی اور 3 اکتوبر کو اتوار کی تعطیلات رہیں گی۔ مجموعی طور پر 7 دن تک اسمبلی کی کارروائی چلے گی۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے کم از کم 20 دن تک اجلاس جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے 12 مختلف عوامی مسائل پر مباحث کے لئے فہرست اسپیکر کے حوالے کی۔ اسپیکر نے کہا کہ تمام جماعتوں کی جانب سے اسمبلی میں زیر بحث لائے جانے والے مسائل کی فہرست پیش کی جائے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اجلاس میں بتایا کہ دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب کی طرح حیدرآباد میں ایم ایل ایز کے لئے کلب تعمیر کیا جائے گا ۔ اسی دوران وزیر امور مقننہ پرشانت ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ حکومت اپوزیشن کے کسی بھی سوال کا جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ ٹی آر ایس کی جانب سے مباحث کیلئے جن امور کا انتخاب کیا گیا ، ان میں انفارمیشن ٹکنالوجی ، ہریتا ہرم ، زراعت اور دلت بندھو شامل ہیں۔ پرشانت ریڈی نے بتایا کہ بی جے پی کو اجلاس میں مدعو کرنے پر اسپیکر کو مکمل اختیار حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی اجلاس میں 4 یا 5 سرکاری بلز اور دو آرڈیننس کو منظوری دی جائے گی ۔ مجلس نے پرانے شہر کی ترقی پر مباحث کی مانگ کی جبکہ کانگریس نے 12 امور کی فہرست پیش کی ہے۔اسمبلی اور کونسل میں روزانہ وقفہ سوالات زیرو اوور اور تحریکات التواء کی گنجائش رہے گی۔ سرکاری بلز تمام ارکان کو پہلے سے روانہ کردیئے جائیں گے۔چیف منسٹر نے کہا کہ ملک میں تلنگانہ اسمبلی کو ایک مثالی اسمبلی کے طور پر پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اپوزیشن سے تعاون کی اپیل کی۔ ر