ایوان میں وزراء کی موجودگی اور سوالات کے بروقت جوابات کا مشورہ، احتجاج سے نمٹنے پولیس چوکس رہے، اسپیکر اسمبلی کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد۔/7 فروری، ( سیاست نیوز) اسمبلی کے بجٹ اجلاس کی تیاریوں کے سلسلہ میں اسپیکر جی پرساد کمار اور صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے آج اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ ڈپٹی چیرمین بنڈا پرکاش اور وزیر امور مقننہ ڈی سریدھر بابو اجلاس میں شریک تھے۔ چیف سکریٹری شانتی کماری، سکریٹری لیجسلیچر نرسمہا چاریلو، اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ، ڈائرکٹر جنرل پولیس روی گپتا، انٹلیجنس چیف شیودھر ریڈی، حیدرآباد، سائبرآباد اور راچہ کنڈہ کے پولیس کمشنرس نے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے سیکوریٹی انتظامات سے واقف کرایا۔ صدرنشین کونسل سکھیندر ریڈی نے کہا کہ ارکان اسمبلی کے سوالات کے جوابات جلد فراہم کئے جائیں۔ اجلاس کے دوران اہم عہدیدار اسمبلی اور کونسل میں موجود رہیں۔ اسمبلی اور کونسل کے اطراف صفائی کے انتظامات پر عہدیداروں کی توجہ مبذول کرائی گئی۔ بجٹ سیشن کے دوران دھرنا، ریالیوں اور دیگر احتجاج کو روکنے کیلئے مناسب سیکوریٹی انتظامات کی ہدایت دی گئی۔ اسپیکر جی پرسادکمار نے کہا کہ نقائص سے پاک انتظامات کئے جائیں۔ ڈپٹی چیرمین بنڈا پرکاش نے سیشن کے دوران وزراء کی ایوان میں موجودگی کو یقینی بنانے کا مشورہ دیا۔ وزیر امور مقننہ ڈی سریدھر بابو نے عہدیداروں کو باہمی اشتراک سے کام کرنے کا مشورہ دیا۔ پروٹوکول کی پابندی پر عہدیداروں کو ہدایات دی گئی ہیں۔ نئے ارکان کیلئے بجٹ سیشن کے بعد دو دن کے ٹریننگ کلاسیس کا اہتمام کیا جائے گا۔1