کے سی آر ایوان میں موجود رہیں گے ، پارٹی کے سینئیر و جونیر ارکان اسمبلی کو مختلف ذمہ داریاں
حیدرآباد ۔ 7 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کی جانب سے اسمبلی کے بجٹ سیشن میں حکومت کو گھیرنے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔ قائد اپوزیشن و بی آر ایس کے سربراہ عوامی مسائل پر حکومت پر دباؤ بنانے کے لیے مختلف موضوعات پر اسمبلی میں مباحث کے لیے پارٹی کے سینئیر ارکان اسمبلی کے ٹی آر ، ہریش راؤ ، کڈیم سری ہری ، پوچارام سرینواس ریڈی کو اہم ذمہ داری سونپی ہے ۔ اس کے علاوہ حکمران جماعت کی جانب سے بی آر ایس کو نشانہ بنانے کی صورت میں اس کا جواب دینے کے لیے چند سینئیر و جونیر ارکان اسمبلی کو بھی تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ حکومت کی جانب سے محکمہ آبپاشی پر وائیٹ پیپر جاری کرنے کی تیاری کی جارہی ہے جس کا کاونٹر کرنے کے لیے بی آر ایس میں منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ( کے آر ایم بی ) کا مسئلہ چھیڑتے ہوئے حکومت کو جھنجھوڑنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔ اس کے لیے سابق وزیر آبپاشی ہریش راؤ کو تیاری کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انہیں تفصیلی مواد فراہم کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ حکومت میڈی گڈہ پراجکٹ کو بھی موضوع بحث بنانے کی تیاری کی جارہی ہے ۔ اس کا بھی جواب دینے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔ سابق چیف منسٹرکے سی آر بجٹ سیشن کے دوران اسمبلی میں رہیں گے اہم مسائل پر خود مداخلت کرنے کے علاوہ دوسرے مسائل پر بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کی مکمل حوصلہ افزائی کریں گے ۔ گورنر تمیلی سائی سوندرا راجن کے خطبہ کی ماضی میں بی آر ایس نے مخالفت کی تھی ۔ کل یعنی 8 فروری کو دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے گورنر خطاب کرنے والی ہیں ۔ اس خطبہ پر بھی بی آر ایس خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ کالیشورم پراجکٹ کی بدعنوانیوں کا حکومت نے عدالتی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن چیف جسٹس نے حکومت کی اس تجویز کو مسترد کردیا ۔ حکومت نے اس کی ویجلنس تحقیقات کرائی ہے ۔ اس کی رپورٹ بھی ایوان میں پیش کرنے کے معاملے میں حکومت سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ بی آر ایس اس کا جواب دینے کی بھی تیاری میں ہے ۔ اس کے علاوہ حکومت کے 6 گیارنٹی پر عمل آوری ، دیگر 420 وعدوں پر عمل آوری کے علاوہ مختلف مسائل پر حکومت کو پریشان کرنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔۔ 2