اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے کر بی جے پی میں شامل ہونے کا مطالبہ

   

راج گوپال ریڈی کو کانگریس پر تنقید کا حق نہیں، نائب صدر پردیش کانگریس ملو روی کا بیان
حیدرآباد ۔ 25۔جون (سیاست نیوز) نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی ملو روی نے کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی سے مطالبہ کیا کہ اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کریں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ملو روی نے کہا کہ کانگریس سے منتخب ہوکر بی جے پی میں شامل ہونا غیر اخلاقی ہے۔ انہیں چاہئے پہلے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیں اور پھر بی جے پی کے ٹکٹ پر منگوڑ اسمبلی حلقہ سے دوبارہ منتخب ہوکر دکھائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو اپنی پسند کی پارٹی میں شرکت کا اختیار ہے لیکن قدیم پارٹی پر تنقید کا حق نہیں پہنچتا۔ کانگریس کو ڈوبتی کشتی قرار دینے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ملو روی نے کہا کہ راج گوپال ریڈی اور ان کے خاندان نے کانگریس میں رہ کر کئی عہدے حاصل کئے ۔ اسمبلی اور لوک سبھا کا ٹکٹ کانگریس نے دیا۔ تمام فوائد کانگریس سے حاصل کرنے کے بعد اب اسے ڈوبتی کشتی قرار دینا قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ راج گوپال ریڈی جیسے کئی قائدین کانگریس پارٹی کو چھوڑنے کے بعد گمنام ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کا مستقبل تابناک ہے اور ٹی آر ایس کے لئے کانگریس واحد متبادل ہے۔ کانگریس کی کامیابی کے لئے قائدین اور کارکنوں نے کافی محنت کی۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ چند قائدین کے پارٹی چھوڑنے سے حوصلہ شکن نہ ہوں بلکہ پوری بہادری کے ساتھ مقابلہ کریں۔ کانگریس کی قیادت کارکنوں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے راج گوپال ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ کانگریس پر تنقیدوں کا سلسلہ بند کردیں۔ واضح رہے کہ راج گوپال ریڈی نے بی جے پی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے اور توقع ہے جاریہ ہفتہ کسی بھی دن وہ بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔