اسمبلی سرمائی سیشن کا 29 ڈسمبر سے آغاز، آبپاشی پراجکٹس اہم موضوع

   

Ferty9 Clinic

چیف منسٹر کی وزراء سے مشاورت، ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی کے علاوہ جی ایچ ایم سی انتخابات کی تیاری کی ہدایت

حیدرآباد 23 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے سرمائی اجلاس کا 29 ڈسمبر کو آغاز ہوگا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پنچایت راج اداروں کے چناوی نتائج پر کابینی رفقاء کے ساتھ مشاورت کے دوران یہ فیصلہ کیا۔ حکومت نے ابتداء میں 2 جنوری سے اسمبلی اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم وزراء اور عہدیداروں سے مشاورت کے بعد تاریخ میں تبدیلی کرتے ہوئے 29 ڈسمبر طے کیا گیا۔ سرمائی سیشن میں آبپاشی پراجکٹس اور خاص طور پر کرشنا اور گوداوری کے پانی کی تقسیم پر مباحث کا امکان ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق 29 ڈسمبر کو اجلاس کا آغاز ہوگا جبکہ 30، 31 ڈسمبر اور یکم جنوری کو اجلاس نہیں ہوگا۔ 2 جنوری سے دوبارہ سیشن کا آغاز ہوگا جس میں تلنگانہ سے آبی ناانصافی کے مسئلہ پر مباحث کا اہتمام کیا جائے گا۔ سابق چیف منسٹر اور بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر نے گزشتہ دنوں کرشنا اور گوداوری کے پانی کی تقسیم میں تلنگانہ سے ناانصافی کے لئے ریونت ریڈی حکومت کو ذمہ دار قرار دیا تھا۔ حکومت نے اسمبلی میں مباحث کے ذریعہ کے سی آر کے الزامات کا جواب دینے کی حکمت عملی تیار کی ہے۔ چیف منسٹر کا کہنا ہے کہ آبی تقسیم کے مسئلہ پر کے سی آر کے حکومت پر الزامات بے بنیاد ہیں۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں کرشنا اور گوداوری کے پانی کی تقسیم کے سلسلہ میں کئے گئے معاہدوں سے تلنگانہ کو نقصان ہوا ہے۔ حکومت بی آر ایس دور کے تمام معاہدات کو ایوان میں پیش کرے گی۔ چیف منسٹر نے وزراء کو ہدایت دی کہ وہ آبی تقسیم کے مسئلہ پر کے سی آر اور دیگر قائدین کے الزامات کا جواب دیں۔ اُنھوں نے بعض وزراء کی جانب سے حکومت کے دفاع میں ناکامی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر کا کہنا تھا کہ کابینہ کو متحدہ طور پر اپوزیشن کے الزامات کا مقابلہ کرنا چاہئے۔ پنچایت راج اداروں کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر نے وزراء کو ہدایت دی کہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی چناؤ پر توجہ مرکوز کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ 42 فیصد بی سی تحفظات پر فیصلہ کے بعد اسٹیٹ الیکشن کمیشن ایم پی ٹی سی، زیڈ پی ٹی سی کے علاوہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کا فیصلہ کرے گا۔ چیف منسٹر نے ضلع پریشد صدورنشین کے عہدوں پر کانگریس کی کامیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے تقریباً 3 گھنٹوں تک کابینی رفقاء سے ریاست کی سیاسی صورتحال کے علاوہ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کے مطابق ایسے وزراء جن کے اضلاع میں پنچایت چناؤ کے نتائج اطمینان بخش نہیں رہے اُنھیں کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ریاستی وزراء نے تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ 2025 کے کامیاب انعقاد اور 5 لاکھ کروڑ سے زائد کی سرمایہ کاری کے معاہدات پر چیف منسٹر کو مبارکباد پیش کی۔1