حیدرآباد /26 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں 27 ستمبر پیر کو 4 سرکاری بلز پیش کئے جائیں گے جبکہ تلنگانہ میں صنعتی اور آئی ٹی شعبہ کی ترقی پر مختصر مباحث ہوں گے۔ سکریٹری لیجسلیچر ڈاکٹر نرسمہا چاریلو کی جانب سے جاری ایجنڈہ کے مطابق چیف منسٹر ایوان میں بی اے سی کمیٹی فیصلوں کی تفصیلات داخل کریں گے۔ تلنگانہ اسٹیٹ فاریسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی رپورٹ اور بعض اضلاع میں گرام پنچایتوں کے انضمام پر وزیر پنچایت راج اعلامیہ کا مسودہ پیش کریں گے۔ تلنگانہ ہاؤزنگ بورڈ ترمیمی بل، کونڈہ لکشمن تلنگانہ اسٹیٹ ہارٹیکلچر یونیورسٹی ترمیمی بل، تلنگانہ پنچایت راج ترمیمی بل و نیشنل اکیڈیمی آف لیگل اسٹڈیز اینڈ ریسرچ یونیورسٹی ترمیمی بل پیش کیا جائے گا۔ وقفہ سوالات میں شہر میں ٹریفک مسائل سے نمٹنے اسٹراٹیجک روڈ ڈیولپمنٹ پراجکٹ، شراب کی دکانات میں تحفظات، عثمانیہ جنرل ہاسپٹل میں ٹوین ٹاور کی تعمیر، بھیڑ بکریوں کی تقسیم، جوٹ ملز کا قیام اور نئے اضلاع میں انٹگریٹیڈ کلکٹریٹ کامپلکسوں کی تعمیر جیسے اُمور پر سوالات شامل ہیں۔ر