حیدرآباد۔ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا ایک روزہ خصوصی اجلاس آج منعقد ہوا جس میں 4 سرکاری بلز کو منظوری دی گئی جس کے بعد اجلاس کی کارروائی غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی۔ اجلاس کے آغاز پر اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی نے متعارف کئے جانے والے بلز کی تفصیلات پیش کیں۔ کوویڈ 19 کے پیش نظر ارکان اسمبلی، اسٹاف اور میڈیا کے نمائندوں کا کورونا ٹسٹ کیا گیا۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی ونئے بھاسکر کورونا پازیٹیو پائے گئے جو اسمبلی میں گورنمنٹ وہپ کے عہدہ پر فائز ہیں۔ اسمبلی میں جن سرکاری بلز کو منظوری دی گئی ان میں انڈین اسٹامپ بل ( تلنگانہ) 2020، تلنگانہ اگریکلچر لینڈ ترمیمی بل 2020، جی ایچ ایم سی ترمیمی بل 2020 اور کریمنل پروسیجر کوڈ ترمیمی بل 2020 شامل ہیں۔ کئی ارکان اسمبلی دوباک کی انتخابی مہم کے پیش نظر اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ قانون ساز کونسل کا ایک روزہ خصوصی اجلاس چہارشنبہ کو 11 بجے دن منعقد ہوگا۔